اسلام آباد: سعودی عرب کے ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد کی راولپنڈی چکلالہ ایئربیس آمد پر وزیراعظم نوازشریف نے خود ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں انیس توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز کے وفد میں خزانہ و منصوبہ بندی کے وزیر محمد بن سلمان، وزیر تجارت طوافک بن تفضان اور وزیرمملکت برائے امور خارجہ نذار بن عبید بھی شامل ہیں۔

سلمان بن عبدالعزیز تین روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور تجارت کے شعبے میں اہم معاہدوں کا امکان ہے۔

پاکستانی قیادت سعودی شہزادے سے پاکستانی افرادی قوت کو سعودی عرب میں مواقع فراہم کرنے کی بھی بات کرے گی۔