کویتی باکسر عبدالرحمن السند کا اسلام آباد پہنچنے پر شاندار استقبال
Views: 3015Published on: 22-Jan-2022
کویتی مہمان کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا باکسنگ کے شعبہ میں پاک کویت رابطوں میں تیزی : اگلے ماہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر اور اعلی عہدیداران کویت کا دورہ کرینگے بحیرہ عرب بیلٹ باکسنگ چیمپئن شپ، جو 22 جنوری کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے، میں شرکت کیلئے کویتی باکسر عبدالرحمن السند اپنے ساتھی کے ہمراہ گزشتہ شب اسلام آباد پہنچے تو پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے اعلی عہدیداران نے ائیر پورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا، بعد ازاں عرصہ دراز سے کویت میں مقیم یوکے انٹرنیشنل کویت کے چئیرمین محمد جمیل نے کویتی باکسر عبدالرحمن السند کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں پرتکلف عشائیہ دیا، عبد الرحمن السند ( وزن 70 کلو عمر 28 ) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد مین آج 22 جنوری کو ہونے والی ٹائٹل باکسنگ چیمپئن شپ میں رینکنگ مقابلے میں شرکت کریں گے۔ ان کی شرکت پاکستان اور کویت کے درمیان باکسنگ کے شعبہ میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا سبب بنے گی، گذشتہ روز وہ بحیرہ عرب ٹائٹل باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے کویت سے روانہ ہوئے تو پاکستان باکسنگ فیڈریشن ( میڈیا سیکشن ) کے وائس چیئرمین حافظ محمد شبیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انہیں پرتپاک طریقہ سے رخصت کیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ انشاء اللہ بیلٹ جیت کر کویت واپس پہنچیں گے۔ حافظ محمد شبیر نے جو کویت باکسنگ فیڈریشن کے بھی نائب صدر ہیں، میڈیا کو بتایا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان باکسنگ کے شعبہ میں تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ اگلے ماہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر نعمان شاہ، ایشین بیلٹ کے چئیرمین ،اور ورلڈ باکسنگ کے عہدیداران کویت آئیں گے، جس سے نہ صرف کویت میں باکسنگ کو فروغ ملے گا بلکہ کھیلوں کے شعبہ میں پاک کویت دو طرفہ تعلقات بھی مستحکم ہونگے۔